محسنؔ بھوپالی:  پیدائش : 29 ستمبر 1932 –  وفات 17؍جنوری 2007


محسن بھوپالی شاعری (منتخب اشعار)

اب کے موسم میں یہ معیارِ جنوں ٹھہرا ہے

سر سلامت رہیں دستار نہ رہنے پائے

♦♦♦ 

ایک مدت کی رفاقت کا ہو کچھ تو انعام

جاتے جاتے کوئی الزام لگاتے جاؤ

♦♦♦ 

اس کو چاہا تھا کبھی خود کی طرح

آج خود اپنے طلب گار ہیں ہم

♦♦♦ 

زندگی گل ہے نغمہ ہے مہتاب ہے

زندگی کو فقط امتحاں مت سمجھ

♦♦♦ 

بدن کو روندنے والو ضمیر زندہ ہے

جو حق کی پوچھ رہے ہو تو حق ادا نہ ہوا

♦♦♦ 

لفظوں کے احتیاط نے معنی بدل دیئے

اس اہتمامِ شوق میں حسن اثر گیا

♦♦♦ 

کیا خبر تھی ہمیں یہ زخم بھی کھانا ہوگا

تو نہیں ہوگا تری بزم میں آنا ہوگا

♦♦♦ 

کس قدر نادم ہوا ہوں میں برا کہہ کر اسے

کیا خبر تھی جاتے جاتے وہ دعا دے جائے گا

♦♦♦ 

ابلاغ کے لئے نہ تم اخبار دیکھنا

ہو جستجو تو کوچہ و بازار دیکھنا

♦♦♦ 

لفظوں کو اعتماد کا لہجہ بھی چاہئے

ذکرِ سحر بجا ہے یقینِ سحر بھی ہے

♦♦♦ 

سورج چڑھا تو پھر بھی وہی لوگ زد میں تھے

شب بھر جو انتظار سحر دیکھتے رہے

♦♦♦ 

یہ میرے چاروں طرف کس لیے اجالا ہے

ترا خیال ہے یا دن نکلنے والا ہے

♦♦♦ 

خندۂ لب میں نہاں زخمِ ہنر دیکھے گا کون

بزم میں ہیں سب کے سب اہلِ نظر دیکھے گا کون

♦♦♦ 

سوچا تھا کہ اس بزم میں خاموش رہیں گے

موضوعِ سخن بن کے رہی کم سخنی بھی

♦♦♦ 

بچھڑ کے تجھ سے میسر ہوئے وصال کے دن

ہیں تیرے خواب کی راتیں ترے خیال کے دن

♦♦♦ 

اے مسیحاؤ اگر چارہ گری ہے دشوار

ہو سکے تم سے نیا زخم لگاتے جاؤ

♦♦♦ 

روشنی ہیں سفر میں رہتے ہیں

وقت کی رہِ گزر میں رہتے ہیں

♦♦♦ 

صدائے وقت کی گر باز گشت سن پاؤ

مرے خیال کو تم شاعرانہ کہہ دینا

♦♦♦ 

جاہل کو اگر جہل کا انعام دیا جائے

اس حادثۂ وقت کو کیا نام دیا جائے

♦♦♦ 

اے نازشِ صد رنگ نہ کر ان سے تغافل

ہے خاک نشینوں سے تری گل بدنی بھی

♦♦♦ 

خبر کیا تھی نہ ملنے کے نئے اسباب کر دے گا

وہ کر کے خواب کا وعدہ مجھے بے خواب کر دے گا

♦♦♦ 

بے خبر سا تھا مگر سب کی خبر رکھتا تھا

چاہے جانے کے سبھی عیب و ہنر رکھتا تھا

♦♦♦ 

وہ زندگی کو نیا موڑ دے گیا محسنؔ

یہی زوال کے دن ہیں مرے کمال کے دن

♦♦♦ 

تلقین اعتماد وہ فرمارہے ہیں آج

راہ طلب میں خود جو کبھی معتبر نہ تھے

نیرنگی سیاست دوراں تو دیکھیے

منزل انہیں ملی جو شریک سفر نہ تھے

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top