تعارف 

 منصور آفاق (پیدائش : 17 جنوری 1962ء) معروف شاعر اور ادیب ہیں۔ منصور آفاق کا کالم دیوار پر دستک جنگ لندن میں شایع ہوتا ہے۔منصورآفاق نے پی ٹی وی اور دوسرے چینلز کے لیے کئی ٹی وی سیریلز تحریر اور ڈائرکٹ کئے ہیں، جن میں زمین ، دنیا ، پتھر اور کہہ جانڑاں میں قابلِ ذکر ہیں۔ منصور آفاق جدید شاعری میں اپنے منفرد لہجے کے باعث خصوصی مقام رکھتے ہیں۔


منتخب اشعار

 

سرد ٹھٹھری ہوئی لپٹی ہوئی صرصر کی طرح

زندگی مجھ سے ملی پچھلے دسمبر کی طرح

♦♦♦ 

بارشیں اس کا لب و لہجہ پہن لیتی تھیں

شور کرتی تھی وہ برسات میں جھانجھر کی طرح

♦♦♦ 

بس ایک رات سے کیسے تھکن اترتی ہے

بدن کو چاہئے آرام کچھ زیادہ ہی

♦♦♦ 

وہ ترا اونچی حویلی کے قفس میں رہنا

یاد آئے تو پرندوں کو رہا کرتا ہوں

♦♦♦ 

تجھ ایسی نرم گرم کئی لڑکیوں کے ساتھ

میں نے شب فراق ڈبو دی شراب میں

….

آ گرا زندہ شمشان میں لکڑیوں کا دھواں دیکھ کر

اک مسافر پرندہ کئی سرد راتوں کا مارا ہوا

♦♦♦ 

ترے بھلانے میں میرا قصور اتنا ہے

کہ پڑ گئے تھے مجھے کام کچھ زیادہ ہی

♦♦♦ 

پتھر کے جسم میں تجھے اتنا کیا تلاش

منصورؔ ڈھیر لگ گئے گھر میں کباڑ کے

♦♦♦ 

قیام کرتا ہوں اکثر میں دل کے کمرے میں

کہ جم نہ جائے کہیں گرد اس کی چیزوں پر

♦♦♦ 

بس ایک لنچ ہی ممکن تھا جلدی جلدی میں

اسے بھی جانا تھا مجھ کو بھی کام کرنا تھا

♦♦♦ 

ایک پتھر ہے کہ بس سرخ ہوا جاتا ہے

کوئی پہروں سے کھڑا ہے کسی دیوار کے پاس

♦♦♦ 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top