ٹ، ج، چ محاورات

اس پوسٹ میں ت، ٹ، ج اور چ سے شروع ہونے والے محاورات ، معنی اور جملے شامل کیے گئے ہیں۔ دوسری پوسٹ” 2- اردو محاورات (Urdu Muhavare): ب، پ” میں ب اور پ سے شروع ہونے والے محاورات شامل ہیں۔

اردو محاورات کا جملوں میں استعمال

ت اور ٹ سے شروع ہونے والے محاورات، معنی اور جملوں میں استعمال

تُرکی بہ تُرکی جواب دینا
منھ توڑ جواب دینا، کسی شخص کو اسی کی زبان میں جواب دینا
اکرم اگرچہ کم زور ہے لیکن اُس نے احسان کے ہر طنزیہ سوال کا تُرکی بہ تُرکی جواب دیا۔
تُرکی تمام ہونا
بہادری ختم ہونا
دہشت گردوں کے ایک ہی حملے سے سیکورٹی فورسزکی تُرکی تمام ہو گئی۔
تصویر بنا دینا
حیرت میں ڈال دینا
میں تو تمھاری بات سُن کر تصویر بن کر رہ گیا۔
تین پانچ کرنا
جھگڑا کرنا، بحث کرنا
میرے ساتھ تین پانچ کرنے کی ضرورت نہیں، سیدھی طرح میری رقم واپس کرو۔
تین حرف بھیجنا
لعنت بھیجنا
میں منافقوں پر تین حرف بھیجتا ہوں۔
تین تیرہ ہونا
منتشر ہونا، تتر بتر ہونا
جب پولیس نے لاٹھی چارج کیا تو تمام ہجوم تین تیرہ ہو گیا۔
تخت و تاراج کرنا
لوٹ مار کرنا
جب نادر شاہ نے دلی کو تخت و تاراج کیا تو شہر میں ایک قیامت برپا ہو گئی۔
تگنی کا ناچ نچانا
بہت پریشان کرنا
یہ عورت تمھیں ایسا تگنی کا ناچ نچائے گی کہ عمر بھر یاد رکھو گے۔
تن بدن میں آگ لگنا
بہت غصے میں آنا
بیٹے کے گرفتارہونے کی خبر سُن کر باپ کے تن بدن میں آگ لگ گئی۔
تار بندھنا
کسی کام کا مسلسل، پے در پے ہونا
اپنی ماں کی موت کی خبر سُن کر آنسوؤں کا تار بندھ گیا۔
تیور بدلنا
انداز یا رویہ تبدیل کرنا یا ہونا /بے رُخی کا اظہار کرنا یا ہونا
غریبی میں اکثرعزیزوں کے تیور بدل جاتے ہیں۔
تھالی کا بینگن ہونا
وہ شخص جو کبھی ایک طرف کبھی دوسری طرف ہو، موقع پرست شخص
اکثر سیاستدان تھالی کے بینگن ہوتے ہیں۔ ان کا کوئی دین ایمان نہیں ہوتا۔
ٹسوے بہانا
جھوٹ موٹ کا رونا
بچے کو چوٹ نہیں لگی، یہ ٹسوے بہا رہا ہے۔
ٹیڑھی کھیر ہونا
کام کا مشکل ہونا
اس مسئلے کا حل میرے بس میں نہیں، یہ بڑی ٹیڑھی کھیر ہے۔
ٹامک ٹوئیے مارنا
اٹکل پر چلنا، اندازے پر چلنا
بعض لوگ سوچے سمجھے بغیر بس یونہی ٹامک ٹوئیے مارتے رہتے ہیں۔
ٹس سے مس نہ ہونا
ذرا بھی اثر نہ ہونا
پاکستانی معاشرہ ایسا بے حس ہو چکا ہے کہ جتنا مرضی ظلم ہو جائے ٹس سے مس نہیں ہوتا۔
ٹکا سا جواب دینا
صاف جواب دے دینا
میں نے ندیم سے کچھ رقم مانگی مگر اس نے مجھے ٹکا سا جواب دے دینا۔

ج اور چ سے شروع ہونے والے محاورات

جی پر کھیل جانا
جان پر کھیلنا، ایسا کام کرنا جس میں جان جانے کا خطرہ ہو
وفادار دوست نے جی پر کھیل کر اپنے دوست کو ڈاکوؤں سے بچایا۔
جان کا لاگو ہونا
دشمن ہونا
مجھے جو لوگ جان سے پیارے تھے، اب وہی جان کا لاگو ہیں۔
جامے میں پھولا نہ سمانا
بہت خوش ہونا
پاس ہونے پر احمد جامے میں پھولا نہ سما رہا ہے
جِز بِز ہونا
آزردہ ہونا، غمگین، ناراض
ملازم نے جب تنخواہ میں اضافے کی درخواست کی تو مالک بہت جِز بِز ہوا۔
جُوا اتارنا
آزاد ہونا
ان شاءاللہ وہ دن قریب ہیں جب پاکستانی کالے صاحب کی غلامی کا جُوا اتار پھینکیں گے۔
جوتیوں میں دال بٹنا
آپس میں پھوٹ پڑنا
چاروں بھائیوں میں بہت محبت تھی لیکن اب جائیداد کی تقسیم کے معاملے میں جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے۔
جی چُرانا
کترانا، بچنے کی کوشش کرنا
بعض لوگ مشقت سے جی چراتے تھے۔
جوتیاں چٹخانا
مارے مارے پھرنا
آج کل بے روزگاری کا یہ حال ہے کہ بعض اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بھی جوتیاں چٹخاتے پھرتے ہیں۔
جوتیاں سیدھی کرنا
بہت تعظیم دینا
جو لوگ اساتذہ کی جوتیاں سیدھی کرتے ہیں ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں۔
جنگل میں منگل ہونا
ویرانے میں رونق ہونا
آپ کی آمد سے جنگل میں منگل ہو گیا ہے۔
جلتی پہ تیل ڈالنا
جھگڑے کو اور بڑھانا
بعض لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ بیچ بچاؤ کرانے کے بجائے جلتی پر تیل ڈالتے ہیں۔
جان پر کھیلنا
ایسا کام کرنا جس میں جان کا خطرہ ہو
شہری نے جان پر کھیل کر ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا۔
جلی کٹی سنانا
برا بھلا کہنا
ساس بہو کی آپس میں نہ بنتی تھی اور اکثر ایک دوسرے کو جلی کٹی سناتی رہتی تھیں۔
جُل دینا
چکمہ دینا، دھوکا دینا
نوسرباز بھولے بھالے دیہاتیوں کو سرِ بازار جُل دے کر چلتا بنا۔
چکا چوند ہونا
بہت زیادہ چمک یا روشنی کے سامنے آنکھوں کی جھپک
لوگوں نے تو سورج کی چکا چوند کو پوجا 
میں نے تو ترے سائے کو بھی سجدہ کیا ہے 
فیشن کی یہ چکا چوند دنیا ، اک دھوکا ہے۔
چراغ پا ہونا یا آتش زیرِ پا ہونا
غصے کی کیفیت طاری ہونا، بے قرار ہونا
آپ چراغ پا مت ہو میں سارا کام کر دیتا ہوں۔
چراغِ سَحر ہونا
مرنے کے قریب ہونا
میاں! ہمارا کیا ہے ہم تو چراغ سحر ہیں، آج مرے کل دوسرا دن۔
چرکا لگانا
تکلیف پہنچانا
بے ادب اولاد نے ضعیف والدین کو بڑے چرکے لگائے۔
چشم نمائی کرنا
تنبیہ کرنا، جھڑکنا
میرا بڑا بھائی ہے، اس کا یہ سخت رویہ دراصل میری چشم نمائی کے لیے تھا۔
چھاتی پر مونگ دلنا
کسی کے سامنے ایسا کام کرنا جو دوسروں کو ناگوار ہو
وہ اپنی نئی گاڑی دکھا دکھا کر محلے والوں کی چھاتی پر مونگ دلتا ہے۔
چھکے چھڑانا
حواس گم کرنا، گھبرایا ہوا
فوج نے حملے کر کے دشمنوں کے چھکے چھڑا دیے۔
چھل کرنا
چالاکی کرنا
مجھ سے چھل نہ کرو، میں تمھاری کارستانیوں سے واقف ہوں۔
چیونٹی کو پر لگنا
مرنے کے قریب ہونا
سیاستدان ایک دوسرے کی سر عام پگڑی اُچھالنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔
چوکڑی بھول جانا
حواس باختہ ہو جانا
جب امیدوار کمرا امتحان میں بیٹھتے ہیں تو اپنی چوکڑی بھول جاتے ہیں۔
چھوئی موئی ہونا
بہت نازک اندام ہونا
یہ بچی تو بہت چھوئی موئی ہے ذرا ذرا سی بات رونے بیٹھ جاتی ہے۔
چار چاند لگانا
قدر و قیمت بڑھانا
علامہ اقبال کے کلام نے اردو شاعری کو چار چاند لگا دیے۔
چلّو بھر پانی میں ڈوب مرنا
بہت شرمندہ ہونا
تمھارے کرتوتوں نے سارے خاندان کی عزت خاک میں ملا دی ہے غیرت ہو تو چلّو بھر پانی میں ڈوب مرو۔
چھاتی پر سانپ لوٹنا
حسد ہونا
واصف کی ترقی سے رشتے داروں کی چھاتی پر سانپ لوٹ رہے ہیں۔
چھٹی کا دودھ یاد آنا
مصیبت میں آرام کے دنوں کا یاد آنا
پولیس نے چور کی ایسی پٹائی کی کہ اسے چھٹی کا دودھ یاد آگیا۔

مآخذ: کلید اردو

FAQ’s

کیا اس بلاگ میں محاورات کا مفہوم شامل ہے؟

جی، اس میں تمام محاورات کے مفہوم شامل ہیں۔

کیا محاورات کو جملوں میں استعمال کیا گیا ہے

جی ہاں، تمام محاورات کو آسان جملوں میں استعمال کیا گیا ہے۔

کیا یہ محاورے کسی امتحان میں کار آمد ہیں؟

جی، یہ تمام جماعتوں اور ppsc اردو کے امتحانات میں کار آمد ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top