محاورے کی تعریف

محاورہ کے لغوی معنی بات چیت کرنا کے ہیں مگر زبان کی اصطلاح میں جب کوئی کلام دو یا دو سے زیادہ الفاظ سے مرکب ہو اور اہلِ زبان کی بول چال کے مطابق ہو اور اپنے لغوی معنوں کے بجائے مجازی(مراد: فرضی، غیر حقیقی، مصنوعی) معنی دیتا ہو تو وہ محاورہ کہلاتا ہے۔ جیسے "پانی پینا” محاورہ نہیں ہے اس لیے کہ یہاں پینا اپنے حقیقی معنوں میں استعمال ہوا ہے۔ اس کے برعکس غصہ پینا، آنسو پینا وغیرہ محاورے ہیں کیوں کہ یہ اہلِ زبان کی بول چال کے مطابق ہیں اور اپنے مجازی معنوں میں استعمال ہوتے ہیں۔

محاورے میں ایک لفظ عموماً مصدر کی صورت میں ہوتا ہے اور جملے میں اس مصدر کے تمام مشتقات استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ مثلاً غم کھانا سے غم کھایا، غم کھایا ہو گا، غم کھاتا ہے، غم کھائے گا، غم کھانا پڑے گا وغیرہ البتہ محاورے کے الفاظ میں ازروئے قیاس تبدیلی کرنا ہر گز مناسب نہیں اور نہ ہی لفظوں کی ترتیب بدلنا جائز ہے۔ جیسے: "گل کھلانا” کی جگہ "پھول کھلانا” درست نہ ہو گا۔ اسی طرح "موت نے اس کا گھر دیکھ لیا ہے” کی جگہ "موت نے مکان دیکھ لیا ہے” کہنا غلط ہے۔

ذیل میں طالب علموں کی سہولت کے لیے کچھ چیدہ چیدہ مگر زبان زدِخاص و عام محاورات ، ان کے معنی اور انھیں جملوں میں استعمال کر کے دکھایا گیا ہے۔ انھیں بغور دیکھیے اور ازبر کر لیجیے، کیوں کہ کسی بھی زبان پر اس وقت تک عبور حاصل نہیں ہوتا جب تک محاورات اور ان کے صحیح اور بر محل استعمال پر قدرت حاصل نہ ہو۔

روزمرہ اور محاورے میں فرق

محاورہ کی تعریف اوپر بیان کی جا چکی ہے۔ اب آتے ہیں روزمرہ کی تعریف دیکھتے ہیں اور ان کا فرق جانتے ہیں۔

روزمرہ اس بول چال اور اسلوب بیان کو کہتے ہیں جو خاص اہلِ زبان استعمال کرتے ہیں اس میں قیاس کو دخل نہیں بلکہ سماعت پر دارومدار ہے۔

روزمرہ اہلِ زبان کی اس بات چیت کا نام ہے۔ جس کے مطابق بولنا ہی درست تسلیم کیا جائے۔ روزمرہ میں الفاظ کے استعمال کا ایک خاص انداز ہوتا ہےلیکن وہ الفاظ اپنے لغوی اور اصلی معنی دیتے ہیں۔ تحریر و تقریر میں اور نظم و نثر میں جہاں تک ممکن ہو، روزمرہ کی پابندی کو ضروری سمجھا جاتا ہے۔ جس قدر روزمرہ کی پابندی کم ہو گی، اسی قدر وہ فصاحت کے درجے سے ساقط سمجھا جائے۔ روزمرہ قواعدِ زبان کے اصولوں سے بالا ہے یعنی اس پر قواعد کے اصول و ضوابط کا اطلاق نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے کسوٹی اہلِ زبان کا اسلوب بیان ہی ہے۔

  • ہر محاورہ روزمرہ ہوتا ہے لیکن ہر روزمرہ کا محاورہ ہونا ضروری نہیں ہوتا۔
  • روزمرہ میں الفاظ لغوی اور اصلی معنی دونوں دیتے ہیں جبکہ محاورہ میں لغوی معنی کی بجائے صرف مجازی معنی دیتے ہیں۔

مثالیں

"میری چشم میں درد ہے” یہ جملہ روزمرہ کے خلاف ہے کیوں کہ اہلِ زبان اس طرح کبھی نہیں بولتے۔ درست یوں ہے : ” میری آنکھ میں درد ہے”

"عابد اور ساجد کی عمروں میں اٹھارہ بیس کا فرق ہے "(غلط)۔ "عابد اور ساجد کی عمروں میں انیس بیس کا فرق ہے "(درست

"لڑکی نے دوپٹا پہنا”(غلط)۔ "لڑکی نے دوپٹا اوڑھا۔ "(درست)

"آپ نا وقت آئے ہیں”(غلط)۔ "آپ بے وقت آئے ہیں”(درست)

"میرے ساتھ چار پانچ مت کرو”(غلط)۔ "میرے ساتھ تین پانچ مت کرو”(درست)


اردو محاورات کا جملوں میں استعمال

"آ” سے شروع ہونے والے محاورات

آب آب ہونا (یا پانی پانی ہونا)
شرمندہ ہونا
جب کامران نقل کرتے پکڑا گیا تو وہ مارے شرم کے آب آب ہو گیا۔
1
آبرو خاک میں ملانا
ذلیل کرنا، رسوا کرنا
اس نے اتنے بُرے کام کیے کہ اپنی آبرو خاک میں ملا دی۔
2
آب دیدہ ہونا
آنکھوں میں آنسو بھر آنا، رونا
میں اُس کی دُکھ بھری کہانی سن کر آب دیدہ ہو گیا۔
3
آپ دھاپی پڑنا
اپنی اپنی فکر ہونا، افراتفری کی حالت
مہنگائی کے اس دور میں لوگوں میں آپا دھاپی پڑی ہوئی ہے۔
4
آپے سے باہر ہونا
حد درجے کا غصہ یا خوشی کی کیفیت
سلیم گالی سُن کر آپے سے باہر ہو گیا۔
وہ خوشی میں آپے سے باہر ہو گیا۔
5
آٹے میں نمک ہونا
بہت کم تعداد یا کم مقدار
پاکستان میں ایمان دار لوگوں کی تعدار آٹے میں نمک کے برابر ہے۔
6
آئینہ کر دینا
واضح کر دینا
میں نے اپنے دل کی بات اُس پر آئینہ کر دی۔
7
آئینے میں بال آنا
شک پیدا ہونا
ایک بار دل کے آئینے میں بال آجائے تو دوست پر اعتبار ہمیشہ کے لیے ختم ہو جاتا ہے۔
8
آنکھ لگنا
نیند آنا/محبت ہونا
کتاب پڑھتے پڑھتے میری آنکھ لگ گئی۔
کچھ ایسی آنکھ لگی ہے کہ ہر طرف محبوب کا چہرہ ہی نظر آتا ہے۔
9
آنکھیں دکھانا
ڈانٹ ڈپٹ کرنا، غصہ کرنا
تم مجھے خواہ مخواہ آنکھیں دکھا رہے ہو حالانکہ میں تمھارا خیر خواہ ہوں۔
10
آٹھ آٹھ آنسو رونا
بہت رونا، زار زار رونا
بُری خبر سُن کر وہ آٹھ آٹھ آنسو رونے لگا۔
11
آڑے آنا
مشکل میں کام آنا
سچا دوست وہی ہے جو مصیبت میں آڑے آئے۔
12
آڑے ہاتھوں لینا
خوب خبر لینا
سبق یاد نہ کرنے پر اُستاد نے شاگردوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
13
آب و دانہ اُٹھنا
رزق ختم ہونا، قیام کی مدت ختم ہونا
جب انسان کا اس دُنیا سے آب و دانہ اُٹھ جاتا ہے تو کائی دوا اثر نہیں کرتی۔
14
آسمان ٹوٹ پڑنا
اچانک مصیبت آ پڑنا
اچانک کاروبار تباہ ہونے پر سلمان پرگویا آسمان ٹوٹ پڑا۔
15
آگ بگولا ہونا
بہت غصے میں ہونا
وہ میری بات سُنتے ہی آگ بگولا ہو گیا۔
16
آستین کا سانپ ہونا
ظاہر میں دوست اور باطن میں دشمن
جسے میں دوست سمجھتا تھا وہ تو آستین کا سانپ نکلا۔
17
آنتوں کا قل ہو اللہ پڑھنا
بہت بھوک لگنا
احمد جلدی کھانا لاؤ، میری آنتیں تو قل ہو اللہ پڑھ رہی ہیں۔
18
آنکھیں بچھانا
بہت ادب یا تعظیم سے پیش آنا
پیر صاحب کے گھر تشریف لانے پر مرید نے اُن کی راہ میں آنکھیں بچھائیں۔
19
آنکھیں چُرانا
نظریں بچانا، کترانا
آنکھیں کیوں چُراتے ہو، اگر سچے ہو تو سامنے آکر بات کرو۔
20
آنکھوں پر بٹھانا
بہت عزت کرنا
کھلاڑی جب میچ جیت کر آیا تو گاؤں والوں نے اُسے آنکھوں پر بٹھایا۔
21
آنکھیں پھیر لینا
بے وفائی کرنا
بعض لوگ مطلب نکلنے پر آنکھیں پھیر لیتے ہیں۔
22
آنکھیں سفید ہونا
اندھا ہو جانا
بیٹے کی جدائی میں حضرت یعقوب ؑ کی آنکھیں سفید ہو گئیں۔
23
آنکھوں پر ٹھیکری رکھنا
بے شرم بن جانا، پرواہ نہ کرنا
مطلب نکلنے پر اُس نے آنکھوں پر ٹھیکری رکھ لی۔
24
آفت کا پرکالہ
نہایت شرارتی، شوخ
یہ لڑکی تو آفت کا پرکالہ ہے۔
25
آسمان سے باتیں کرنا
بلند و بالا ہونا
شہروں میں بننے والی عمارتیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں۔
26
آفتاب لبِ بام ہونا
مرنے کے قریب ہونا
ہمارا کیا ہے، ہم تو آفتاب لبِ بام ہیں، ہمارا کیا اعتبار ہے، صبح گئے یا شام گئے۔
27
آسمان سر پر اُٹھانا
بہت شوروغل کرنا
ماموں کے گھر آ کر بچوں نے آسمان سر پر اُٹھایا ہوا ہے۔
28
آسمان میں تھگلی لگانا
کمال عیاری ظاہر کرنا، بہت مشکل کام کرنا
وہ ایسا شخص ہے جو آسمان میں تھگلی لگاتا ہے۔
29
آگ دکھانا
جلانا، جلا دینا
اُس نے تمام بوسیدہ کاغذات کو آگ دکھا دی۔
30

"ا ” سے شروع ہونے والے محاورات

اپنا سا منھ لے کر رہ جانا
شرمندہ ہونا، جواب نہ بن پڑنا
جب شاگرد سبق بھول گیا تو وہ پوری جماعت کے سامنے اپنا سا منھ لے کر رہ گیا
31
اپنے منھ میاں مٹھو بننا
اپنی تعریف خود کرنا
اپنے منھ میاں مٹھو بننا کوئی اچھی بات نہیں۔
32
اڑتی چڑیا کے پر گننا
اشارے سے بات سمجھ جانا، تیز طرار ہونا
قاسم بہت تیز لڑکا ہے وہ تو اڑتی چڑیا کے پر گِن لیتا ہے۔
33
آئیں بائیں شائیں کرنا
فضول باتیں کرنا، مہمل بات کرنا
جب ایان سے میری بات کا جواب نہ بن پڑا تو آئیں بائیں شائیں کرنے لگا۔
34
الٹی گنگا بہانا
رواج کے خلاف کام کرنا،عقل کے خلاف بات کرنا
غم کے موقع پر تالیاں بجانا الٹی گنگا بہانے کے مترادف ہے۔
35
اپنے گریبان میں منھ ڈالنا
اپنے عیب گننا،اپنا جائزہ لینا
دوسروں کو نصیحت کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
36
اپنا الو سیدھا کرنا
اپنا مطلب نکالنا
آج کے دور میں لوگوں کی اکثریت اپنا الو سیدھا کرتی ہے۔
37
الٹی آنتیں گلے پڑنا
لینے کے دینے پڑ جانا
احمد نے غریب بندے کے ساتھ بھلائی کی لیکن اُس نے جواباً گالیاں دیں، گویا الٹی آنتیں گلے پڑ گئیں۔
38
اللّے تللّے کرنا
بے دریغ خرچ کرنا
اللّے تللّے کرنا، خاندانی امراء کا شیوہ نہیں ہے۔
39
الّو بولنا
ویرانی اور بے آبادی کی حالت
وقت نے ایسی کروٹ لی کہ وہ محلات جہاں کبھی مور ناچتے تھے آج وہاں الّو بولتے ہیں۔
40
امید بر آنا(امید بھر آنا درست نہیں)
امید پوری ہونا
کوئی امید بر نہیں آتی
کوئی صورت نظر نہیں آتی۔ غالبؔ
آپ کی امید ضرور بر آئے گی۔ خدا پہ بھروسہ رکھو۔
41
انگاروں پر لوٹنا
سخت تکلیف میں ہونا
حسد ایسی بیماری ہے کہ آدمی انگاروں پر لوٹتا ہے۔
42
انگشت بہ دنداں ہونا
حیران ہونا
چھوٹے سے بچے نے ایسی شُستہ اُردو بولی کہ میں انگشت بہ دنداں رہ گیا۔
43
اینٹ سے اینٹ بجانا
ویران کر دینا، برباد کر دینا
نادر شاہ نے دلّی کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔
44
اوس پڑنا
مایوسی کی حالت
ژالہ باری سے فصل خراب ہو گئی اور کسانوں کی امیدوں پر اوس پڑ گئی۔
45
ایک لاٹھی سب کو ہانکنا
اچھے برے میں تمیز نہ کرنا
ہمیں اچھے بُرے لوگوں کو ایک لاٹھی نہیں ہانکنا چاہیے۔
46
اُشقلے چھوڑنا
شگوفے چھوڑنا، انوکھی بات کرنا
بعض لوگ ہر وقت کوئی نہ کوئی اُشقلہ چھوڑنے کے موڈ میں ہوتے ہیں۔
47

ماخذ:کتاب، کلید اردو


 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top