،س، ش

اس پوسٹ میں ر،ز،س اور ش سے شروع ہونے والے اردو محاورات، معنی اور جملے شامل کیے گئے ہیں۔ یہ محاورے تمام کلاسز کے لیے کار آمد ہیں۔ اس سے پہلےاس سیریز کی چوتھی پوسٹ "4- اردو محاورات (Muhavare in Urdu)” میں ح، خ، د، ڈ اور ذ کے محاورات، معنی اور جملے شامل کیے گئے ہیں۔

ر سے شروع ہونے والے محاورات، معنی اور جملے

رات بھیگنا
 آدھی رات کے بعد کا عمل ہونا
رات بھیگ چلی تھی مگر ماں سلائی مشین کے سامنے بیٹھی بیٹی کا جہیز تیار کر رہی تھی۔
رات دن ایک کرنا
سخت محنت کرنا
اس نے رات دن ایک کیا، کبھی وقت ضائع نہیں کیا ، تب اس رتبے کو پہنچا ہے۔
 رائی کا پہاڑ بنانا
  معمولی بات کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنا
 رائی کا پہاڑ بنانا تو کوئی تم سے سیکھے ، کیا بات تھی اور تم نے کیا بنا دیا ہے۔
راہ ہونا
محبت ہونا
دل کو دل سے راہ ہوتی ہے ۔
رفو چکر ہونا
کھسک جانا، غائب، فرار
پولیس کو دیکھتے ہی دونوں چور رفو چکر ہو گئے ۔
رنگ فق ہونا
 چہرے کا رنگ اڑ جانا، پریشان ہونا
جب کبھی بجلی چمکتی ہے تو نجمہ کا رنگ فق ہو جاتا ہے۔
رنگ میں بھنگ ڈالنا
خوشی میں رنج پیدا کر دینا
اس کم بخت نے آتے ہی رنگ میں بھنگ ڈال دی۔
رنگ لانا
اثر دکھانا، اچھا نتیجہ
ہم جانتے تھے کہ ہماری فاقہ مستی ایک دن رنگ ضرور لائے گی ۔
روپ دھارنا
شکل بنانا
اس نے جو گیوں کا سا روپ دھارا اور جنگل ویرانے کی راہ لی ۔
روغن قاز ملنا
 خوشامد کرنا
وہ بڑا خوشامد پسند ہے۔ جو بھی جاتا ہے۔ اسے روغن قاز ملتا ہے اور اس سے اپنا مطلب نکال لیتا ہے
رطب اللسان ہونا
تعریف کرنا
مولانا حالی نے ایسی پاکیزہ زندگی بسر کی کہ لوگ آج تک ان کی تعریف میں رطب اللسان ہیں ۔
ریل پیل ہونا
کثرت ہونا
 اکثر کاروباری لوگوں کے گھروں میں روپے پیسے کی ریل پیل رہتی ہے۔

ز سے شروع ہونے والے محاورات، معنی اور جملے

زبان زد ہونا
غالبؔ کے اکثر شعر زبان زدِ خاص و عام ہیں ۔
زبان لال ہونا
گنگ ہو جانا، خاموش ہو جانا
خدائے بزرگ و برتر کی حمد و ثنا میں بڑے بڑے واعظوں کی زبان لال ہے۔
زخم پر نمک چھڑکنا
 دکھی کو ستانا
میں تو پہلے ہی افسردہ بیٹھا ہوں۔ طعنہ زنی کر کے تم میرے زخموں پر نمک کیوں چھڑکتے ہو؟
زمین آسمان کے  قلا بے ملانا
مبالغہ کرنا، بڑھا چڑھا کر بتاتا
وہ اپنے کارنامے اس طرح سناتا ہے کہ زمین آسمان کے قلابے ملا دیتا ہے۔
زمین کا گز ہونا
وقت سفر و سیاحت میں گزرنا
ہم زمین کا گز ہوئے ، دنیا دیکھی مگر اتنی بےایمانی دنیا کے کسی ملک کے لوگوں میں نظر نہ آئی۔
زہرہ آب ہونا ( یا پتا پانی ہونا )
 سخت گھبرانا
جنگ میں تو بڑے بڑے بہادروں کا زہرہ آب ہو جاتا ہے۔
زمین میں گڑ جانا
سخت شرمندہ ہونا
جب باپ نے اولا د کو جھوٹ بولتے سنا تو وہ مارے غیرت کے زمین میں گڑ گیا۔
زہر کے گھونٹ پینا
غصے کو ضبط کرنا
بزرگ نئی نسل کی بے راہ روی پر کڑھتے ضرور ہیں۔ مگر زہر کے گھونٹ پی کر رہ جاتے ہیں ۔
زیروزَ بر کرنا
 الٹ پلٹ کرنا
پچھلے دنوں مہمان بچوں نے میرا سارا کتب خانہ زیروز بر کر کے رکھ دیا۔
زندہ در گور ہونا
 دکھ بھری زندگی گزارنا
 آج کل غریب غربا مفلسی کے ہاتھوں زندہ درگور ہیں ۔

س سے شروع ہونے والے محاورات، معنی اور جملے

سوانگ بھرنا | سوانگ رچانا
روپ بدلنا
ایک دن خالدؔ ہمیں یہ سوانگ بھرنا تھا بھرا  
جھوٹ گھڑنا تھے گھڑے فن کار ہونا تھا ہوئے

سوانگ بھرنا ، بے وفا لوگوں  کی عادت ہوتی ہے۔ 
سُبُک سر ہونا
 بے عزت ہونا، کمینہ، کم ظرف
اتنے سُبُک سر نہ بنو، کچھ تو دوستی کا خیال کرو۔
سر قلم کرنا
سرکاٹ دینا
قاتل کا سر قلم کر دیا گیا۔
سیر چشم ہونا
مطمئن ہونا، بے نیاز ہونا
ان کو اللہ تعالیٰ نے ایسی سیر چشمی عطا کر رکھی تھی کہ کسی  چیز کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھتے تھے ۔
سمندر بلونا
تلاش بسیار، بہت چھان پھٹک کرنا، بہت ڈھونڈنا
میاں ! پی ایچ ڈی کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ اس میں متعلقہ مواد اور کتابوں کا حصول تو گویا سمندر بلونے کے مترادف ہے۔
 سٹّی گُم ہونا
اوسان خطا ہونا، حیران و پریشان ہونا
چور نے پولیس کو آتے دیکھا تو اس کی سٹی گم ہوگئی اور وہ بھاگ کھڑا ہوا۔
 سبز باغ دکھانا
 لالچ دینا، دھوکا دینا
آصف نے مجھے بہتیرے سبز باغ دکھائے لیکن میں اس کے جھانسے میں نہ آیا ۔
سبز قدم ہونا
منحوس ہونا
ساس نے کہا: "ہماری بہوسبز قدم ہے، جب سے آئی ہے کاروبار میں نقصان ہو رہا ہے۔
سورج کو چراغ دکھانا
 دانا کو دانائی سکھانا، عقلمند کو عقل کی بات سمجھانا
 برادرم! آپ خود دانا ہیں آپ کو مشورہ دینا سورج کو چراغ دکھانا ہے۔
سکوت توڑنا
بول پڑنا
دونوں دوست تا دیر خاموش بیٹھے رہے بالآخر ایک نے سکوت تو ڑا ۔
سیخ پا ہونا ، یا آتش زیر پا ہونا   
غصے میں تلملانا
شاگرد کا گستاخانہ جواب سن کر استاد سیخ پا ہو گیا ۔
سانپ سونگھ جانا
خاموشی چھا جانا
جب صدر جلسہ نے چندے کی اپیل کی تو پورے مجمع کو گو یا سانپ سونگھ گیا۔
سینت سینت کر رکھنا
احتیاط سے رکھنا
 سگھڑ عورتیں گھر میں تمام چیزوں کو سینت سینت کر رکھتی ہیں۔ تا کہ وقت ضرورت کام آئیں۔
سینگ سمانا
جگہ ملنا
میری شب بسری کا کیا ہے، جہاں سینگ سمائیں گے پڑ رہوں گا۔
سوئے دشت  بھاگنا
کیوں سوئے دشت بھاگ رہے ہو؟ کیا معاملہ ہے؟
سروکار رکھنا
تعلق رکھنا
بُرے لوگوں سے کبھی سروکار نہ رکھو ۔ یہ میری تمھیں نصیحت ہے۔
سناٹے میں آجانا
حیران رہ جانا
لوگ ہسپتال پر دہشت گردی کی خبر سن کر سناٹے میں آگئے ۔

ش سے شروع ہونے والے محاورات، معنی اور جملے

 شش و پنج میں پڑنا
سوچ بچار کی کیفیت
میں اس شش و پنج میں ہوں کہ یہ سفر اختیار کروں یا نہ کروں ۔
شیطان کی آنت  ہونا
طویل ہونا
یہ مسافت تو میرے لیے شیطان کی آنت ہو گئی ہے۔ صبح سے طے کر رہا ہوں مگر منزل کا کوئی نشان نہیں ۔
شرط بِد نا
شرط لگانا
میں شرط بِدتا تا ہوں کہ آج بارش ہوگی ۔
شگوفہ چھوڑنا
نئی بات کرنا
 آپ جب بھی آتے ہیں کوئی نہ کوئی شگوفہ ضرور چھوڑتے ہیں ۔
شین قاف دُرست ہونا
تلفظ صحیح ہونا
اس کی اردو شین قاف سے درست ہے۔
شاق گزرنا
ناگوار معلوم ہونا
بعض لوگ اتنے حساس ہوتے ہیں کہ انھیں ذرا سی دل لگی بھی شاق گزرتی ہے۔
شیخی بگھارنا
 ڈینگ مارنا، اترانا، اپنی بڑائی کرنا
مجھے تو شیخی بگھارنے والے لوگ ایک آنکھ نہیں بھاتے ۔
 شیشے میں اتارنا
گرویدہ کر لینا، رام کرنا، قابو میں کرنا
بعض چالاک سیاست دانوں کو عوام کو شیشے میں اتارنے کا فن آتا ہے۔

مآخذ: کلید اردو

یہ بھی پڑھیے:

سابقے اور لاحقے

اردو شاعری پڑھیں:

FAQ

کیا اس بلاگ میں محاورات کا مفہوم شامل ہے؟

جی، اس میں تمام محاورات کے مفہوم شامل ہیں۔

کیا محاورات کو جملوں میں استعمال کیا گیا ہے

جی ہاں، تمام محاورات کو آسان جملوں میں استعمال کیا گیا ہے۔

کیا یہ محاورات کسی امتحان میں کار آمد ہیں؟

جی، یہ تمام جماعتوں اور ppsc اردو کے امتحانات میں کار آمد ہیں۔

یہ محاورات تمام کلاسز کے لیے ہیں؟

جی، یہ سکول، کالج، یونیورسٹی، تمام کلاسز کے لیے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top