تفہیم عبارت 3

مادر ملت فاطمہ جناح مرحومہ، پاکستان کی بانی نہیں تو قائد اعظم کی دست راست اور جاں نثار بہن ہونے کے ساتھ ساتھ جنگ آزادی کے ہر اول دستے میں خواتین کی رہنما بہر حال تھیں۔ بلند کردار، جفاکش بہن گھر کی چاردیواری میں عظیم بھائی کی محافظ و نگہبان، ذہنی سکون اور کار سیاست و قیادت میں معاون ، میدان عمل میں مسلم خواتین کے لیے نشان عزم و استقلال، جہاد حریت کے ہر ہر مرحلے میں انھیں بھائی کا آئینہ دیکھا گیا۔ وہی ہمت و جرأت، وہی خلوص و جفاکشی ، ملت پر قربان اور اصولوں پر ثابت قدمی ۔ لوگ ان سے محبت بھی کرتے تھے اور ان کے ادب واحترام میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ ہونے دیتے تھے۔
قیام پاکستان کے بعد محترمہ فاطمہ جناح ” نے ایک مثالی ماں کی طرح ملک و ملت کے لیے محنت کی۔ ہر وقت مصروف عمل، ہمہ وقت چوکس، صبح و شام نظریہ مقصد اور شان دار نتائج کی نگہداشت، ہر جگہ سائے کی طرح بھائی کے ساتھ اور ہر مر حلے میں قوم کی ہم آواز ۔
قائد اعظم کی وفات نے ان کی عزت و محبوبیت میں بے حد اضافہ کر دیا۔ مردوزن، چھوٹے بڑے ان سے آرزوئیں وابستہ کر چکے تھے اور وہ بھی ہر تقریب اور ہر موقع پر قوم سے بات کرتی تھیں۔ بھائی کے جذبے سے سرشار اور ملک وملت کی محبت سے لبریز ، گرج دار آواز میں حکومتو عوام کا احتساب کرتی تھیں۔ کارواں کو حرارت و حرکت، روشنی ، بیداری اور ہوش مندی کا پیام دیتی تھیں ۔ قوم کا دل ان کے وجود سے مضبوط اور وطن کو ان کے وجود سے سہارا تھا۔ وہ دنیا بھر کی عورتوں میں صف اول کی رہنما خاتون تسلیم کی گئی ہیں۔ اللہ ان پر رحمتوں کے پھول برساتا رہے۔ آمین!

سوالات

سوال 1: قیام پاکستان میں خواتین کا حصہ مردوں کے برابر ہے۔ اس عنوان پر چند سطریں لکھیے۔

جواب : قیام پاکستان میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا کردار بھی بھر پور ہے۔ خواتین نے بھی تحریک پاکستان میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا۔ جلسے کیے، جلوس نکالے، مضامین لکھے اور اس وقت تک آزادی کا دم بھرتی رہیں جب تک قیام پاکستان عمل میں نہ آگیا۔ خواتین نے عزم و استقلال اور جہادِ حریت کے ہر مرحلے میں مردوں کا حوصلہ بڑھایا اور اپنے قول اور عمل سے ثابت کیا کہ وہ آزادی کے ہراول دستے میں مردوں کے ساتھ ہیں۔

سوال 2: دست راست اور ہر اول دستے سے کیا مراد ہے؟

جواب: دست راست“ کے لغوی معنی تو دایاں ہاتھ “ کے ہیں مگر اس سے مراد ایسامددگار لیا جاتا ہے جو کسی شخص کے بہت قریب ہو۔ اسی طرح ہر اول دستہ” کے معنی ہیں: ”گھڑ سواروں کا ایسا دستہ جو فوج کے آگے آگے چلے مگر اس سے مراد ہے آگے بڑھ کر معین و مددگار ۔

سوال 3: ماں کے فرائض وکردار کیا ہیں اور محترمہ مادر ملت کا مرتبہ کیا ہے؟

جواب: ماں کا شمار دنیا کی عظیم ترین ہستیوں میں ہوتا ہے۔ ماں کے فرائض پر تو ایک طویل مضمون لکھا جا سکتا ہے مگر اس کا لب لباب یہ ہے کہ ماں اپنی اولاد کی تہذیب و تربیت اور اس کی حفاظت میں اپنی دانست میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتی۔ اس ضمن میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا مرتبہ بہت بلند ہے۔ انھوں نے اپنے بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کی مدد اور آزادی وطن کے لیے ہر وہ قدم اٹھایا جو ان کے امکان میں تھا۔انھوں نے پوری قوم کے لیے ایک مثالی ماں کا کردار ادا کیا۔

سوال 4: احتساب سے کیا مراد ہے؟

احتساب کا مفہوم ہے جائزہ لینا یا باز پرس یا روک ٹوک کرنا۔ اس سے مراد ہے غلط کاموں سے سختی سے منع کرنا اور جائز کاموں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرنا۔

سوال 5: مادر ملت کا سب سے بڑا کارنامہ کیا تھا؟

مادر ملت کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ وہ قائد اعظم کی دست راست اور جاں نثار بہن تھیں۔ علاوہ ازیں انھوں نے جنگ آزادی کے ہر اول دستے میں خواتین کی رہنمائی کی۔ وہ جب تک زندہ رہیں اپنی گرج دار آواز میں حکومت اور عوام کا احتساب بھی کرتی رہیں۔

اگر آپ چاہیں تو جماعت دہم کے نوٹس دیکھ سکتے ہیں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!
Scroll to Top