Untitled 1280 × 720 px 2

اس پوسٹ میں ح، خ، د، ڈ اور ذ سے شروع ہونے والے محاورات شامل کیے گئے ہیں۔ یہ محاورے تمام کلاسز کے لیے کار آمد ہیں۔ اس سے پہلےاس سیریز کی تیسری پوسٹ "3- اردو محاورات (Urdu Muhavare):ت،ٹ،ج،چ” میں ت، ٹ، ج اور چ کے محاورات، معنی اور جملے شامل کیے گئے ہیں۔

ح اور خ سے شروع ہونے والے محاورات، معنی اور جملوں میں استعمال

حرف آنا
بدنامی ہونا
ایسا کام نہ کرو کہ بزرگوں پر حرف آئے یا ان کے نام کو دھبا لگے۔
حواس باختہ ہونا
گھبرانا
خطرے کے وقت حواس باختہ نہیں ہونا چاہیے۔
خاطر میں نہ لانا
پروا نہ کرنا
ہارون اتنا خود پسند ہے کہ وہ کسی کو خاطر ہی میں نہیں لاتا۔
خدا لگتی کہنا
انصاف کی بات کہنا
میں تو خدا لگتی کہوں گا، اس معاملے میں آپ قصوروار ہیں، سرمد تو با لکل  معصوم ہے۔
خفیف ہونا
شرمندہ ہونا
جب اُس کی غلط بیانی کا پردہ فاش ہو ا تو وہ بہت خفیف ہوا۔
خاکہ اُڑانا
رسوا کرنا، مذاق کرنا
آج کل سکول میں اکثر بچے اپنے اساتذہ کا خاکہ اُڑاتے ہیں۔
خاک چھاننا
بہت جستجو کرنا
علم کے حصول کے لیے پوری دُنیا کی خاک چھاننی چاہیے۔
خاطر جمع رکھنا
مطمئن رہنا
خاطر جمع رکھیے میں تمام بندوبست کر لوں گا، آپ پریشان نہ ہوں۔
خون سفید ہونا
بے مروت ہو جانا
کیا زمانہ آگیا ہے، عزیزوں اور رشتہ داروں کا بھی خون سفید ہو گیا ہے، کوئی کسی کا پرسانِ حال نہیں۔
خمیازہ بھگتنا
کسی غلطی کے بدلے نقصان اٹھانا
جو آپ فحش غلطیاں کرتے رہے ہیں، اب اس کا خمیازہ بھگتیں۔
خون کے گھونٹ پینا
غم و غصہ برداشت کرنا
اہلِ دل اس ظلم پر کڑھتے تو بہت ہیں مگر خون کے گھونٹ پی کر رہ جاتے ہیں ، کیوں کہ پاکستان میں ہم سب بے بس ہیں۔
خبر گرم ہونا
چرچا ہونا، شہرت ہونا
یہ خبر گرم ہے کہ کہ پورے ملک میں تعطیل ہو گی۔
خبر گرم ہونا
چرچا ہونا، شہرت ہونا
یہ خبر گرم ہے کہ کہ پورے ملک میں تعطیل ہو گی۔
ہے خبر گرم ان کے آنے کی
آج ہی گھر میں بوریا نہ ہوا
(غالب)

د سے شروع ہونے والے محاورات ، معنی اور جملوں میں استعمال

دل دھک سے رہ جانا
 حیران ہوجانا
محبوب کو اچانک  سامنے دیکھ کر دل دھک سے رہ گیا۔
دل بھر آنا
آنکھوں میں آنسو آ جانا ، رِقّت طاری ہونا 
فلسطین کی صورتحال دیکھ کر میرا دل بھر آیا۔
دعوت اڑانا
تقریب میں کھانے کا لطف اٹھانا
زمانہ طالبعلمی میں مفت کی بہت دعوتیں اڑائیں ہیں۔
داغ بیل ڈالنا/طرح ڈالنا/ڈول ڈالنا
بنیاد رکھنا
علامہ اقبال نے اردو شاعری میں ایک نئے انداز ِ فکر کی داغ بیل ڈالی۔
لوگوں نے لڑائی بھڑائی کی باتیں کیں میں نے صلح کا ڈول ڈالا۔
دام میں آنا
جال میں پھنسنا
اس آدمی کے دام میں نہ آنا، یہ بڑا مکار ہے۔
دانت کھٹے کرنا
عاجز کرنا، شکست دینا
مٹھی بھر فوجیوں نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔
در پے ہونا
پیچھے لگنا/دشمن ہونا
ملک کے محافظ ہی پورا ملک ہڑپ کرنے کے درپے ہیں۔
دست بردار ہونا
چھوڑ دینا
بڑا بھائی، چھوٹے بھائی کے حق میں جائیداد سے دست بردار ہو گیا۔
دقیقہ اُٹھا نہ رکھنا
کوئی کسر نہ چھوڑنا
ہم پر لازم ہے کہ محنت کرنے میں کوئی دقیقہ اٹھا نہ رکھیں۔
دکان بڑھانا
دکان بند کرنا
محلے والوں سے تنگ آ کر سلیم  اپنی دکان بڑھا گیا۔
دل بھر آنا
غمگین ہونا
اُس کی دکھ بھری داستان سن کر سب کا دل بھر آیا۔
دم بھرنا
محبت کا دعویٰ کرنا
ہر پاکستانی محمد علی جناح ؒ کا دم بھرتا ہے۔
دن پھرنا
اچھے دن آنا
اس غریب کے دن پھرے، آج روپوں میں کھیلتا ہے۔
دُور کی کوڑی لانا
دور کی بات سوجھنا
شاعر بھی کیا دُور کی کوڑی لاتے ہیں، جہاں عام آدمی کا خیال بھی نہیں جاتا۔
دوڑ دھوپ کرنا
بہت کوشش کرنا
آپ اپنی دوڑ دھوپ جاری رکھیں تو منزل یقینی ہو جاتی ہے۔
دھرنا دینا
جم کر بیٹھنا
آج تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دیدوں کا پانی ڈھلنا
بے حیا ہونا
کچھ حیا کرو، بزرگ  پر ہاتھ اٹھا رہے ہو، معلوم ہوتا ہے تمھارے دیدوں کا پانی ڈھل گیا ہے۔
دال میں کچھ کالا ہونا
کچھ شک شبہ والی بات ہونا
اس شخص کی گھبراہٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ ضرور کچھ دال میں کچھ کالا ہے۔
دانت کاٹی روٹی کھانا
آپس میں بے حد الفت ہونا
زمانے کی ستم ظریفی دیکھیے، جو دوست کل تک دانت کاٹی روٹی کھاتے تھے آج ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہیں۔
دست نگر ہونا
مدد کے لیے کسی کا محتاج ہونا
خوددار آدمی ہمیشہ اپنی مدد آپ کرتا ہے، وہ کسی کا دست نگر ہونا پسند نہیں کرتا۔
دامن تر ہونا
گناہ گار ہونا
مولانا! ہمیں ایسا بھی تر دامن نہ سمجھنا، توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔
دھان پان ہونا
دبلا پتلا ہونا
ہر چند قائداعظم دیکھنے میں دھان پان تھے مگر عزم و حوصلہ کے کوہِ گراں تھے

ڈ سے شروع ہونے والے محاورات ، معنی اور جملوں میں استعمال

ڈکار تک نہ لینا
ہضم کر جانا
غریبوں کا مال کھا گئے اور ڈکار تک نہ لی۔
ڈھارس بندھانا
تسلی دینا
تمام رشتے داروں نے بیوہ کی ڈھارس بندھائی اور یتیم بچوں کے سر پر ہاتھ رکھا۔
ڈھنڈیا پڑنا
تلاش ہونا
شام ہوئی تو بچے کی ڈھنڈیا پڑی۔
ڈیرے ڈالنا
قیام کرنا
اس آدمی کے گھر میں عرصہ ہوا مفلسی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
ڈنڈے بجانا
آوارہ پھرنا
باپ تو شریف آدمی تھا مگر اس کے دونوں لڑکے ڈنڈے بجاتے پھرتے ہیں۔
ڈورے ڈالنا
پھانسنے کی کوشش کرنا
لڑکے نے بہت ڈورے ڈالے لیکن شریف لڑکی اس کے جھانسے میں نہیں آئی۔
ڈنکا بجنا
شہرت ہونا
شہر بھر میں ایمان دار اور نیک آدمی کا ڈنکا بجتا ہے۔
ڈھونگ رچانا
دھوکا دینا
آج کل کے مسلمانوں کا مذہب سے دور کا بھی واسطہ نہیں، بس مذہبیت کا ڈھونگ رچایا ہوا ہے۔
ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا
سب کی رائے کے خلاف چلنا/ بس اپنی مرضی کرنا
بعض لوگ مِل جُل کر کام کرنے کی بجائے ہمیشہ اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائے رکھتے ہیں۔
ذہن لڑانا
غور و فکر کرنا
میں نے بہت ذہن لڑایا مگر سوال کا جواب میری سمجھ میں نہیں آیا۔

مآخذ: کلید اردو


یہ بھی دیکھیے:

سابقے اور لاحقے

FAQ

کیا اس بلاگ میں محاورات کا مفہوم شامل ہے؟

جی، اس میں تمام محاورات کے مفہوم شامل ہیں۔

کیا محاورات کو جملوں میں استعمال کیا گیا ہے

جی ہاں، تمام محاورات کو آسان جملوں میں استعمال کیا گیا ہے۔

کیا یہ محاورے کسی امتحان میں کار آمد ہیں؟

جی، یہ تمام جماعتوں اور ppsc اردو کے امتحانات میں کار آمد ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top